• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیف جیسا دنیا میں کوئی اور ہو ہی نہیں سکتا: کرینا کپور

بالی ووڈ کی مشہور جوڑیوں میں شمار کی جانے والی سیف علی خان اور کرینا کپور  مختلف انٹرویوز اور سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے ایک دوسرے کی فنکارانہ صلاحیتوں کی تعریف کھل کر کرتے ہیں۔

کرینا نے سیف کے متعلق کہا کہ ’سیف علی خان جیسا دنیا میں کوئی اور ہو ہی نہیں سکتا، ان کی سوچ کا زاویہ اور انتخاب انتہائی منفرد ہے۔‘

حال ہی میں کرینا کپور نے ایک انٹرویو میں شرکت کی جس میں انہوں نے شوہر سیف علی خان کی اُن صلاحیتوں کے بارے میں بتایا جو انہیں انڈسٹری میں شہرت دلوانے اور منفرد مقام دلوانے میں پیش پیش رہیں۔

انٹرویو میں میزبان سے بات چیت کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ ’سیف ایک بہادر اداکار ہیں، سیکڑوں سپر اسٹار ہوں گے لیکن کبھی بھی کوئی دوسرا سیف نہیں ہوگا۔‘

انہوں نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’سیف علی خان ہمیشہ دوسروں سے مختلف سوچتے ہیں اور ایسے ہی ان کا انتخاب بھی منفرد ہے۔‘

کرینا نے کہا کہ ’سیف نے اپنی زندگی کے 25 برس کمرشل فلموں میں کام کرنے کے بعد اپنی نوعیت کی مختلف سیریز میں کام کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور بھارتی فلم انڈسٹری کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا۔‘

انہوں نے کہا کہ مجھے اب تک ایسی کسی فلم یا سیریز کی آفر تو نہیں ہوئی اگرچہ ہوئی بھی تو میں زیادہ دلچسپی نہیں رکھتی۔

خیال رہے کہ کرینا اور سیف نے حال ہی میں اپنی شادی کی 8 ویں سالگرہ منائی تھی، جوڑے کا تین برس کا بیٹا تیمور علی خان بھی ہے اور نئے مہمان کی آمد بھی جلد متوقع ہے۔

گزشتہ دنوں کرینا کپور اور سیف علی خان نے میڈیا کو جاری مختصر بیان میں تصدیق کی تھی کہ تیمور خان بڑے بھائی بننے والے ہیں۔

اداکار جوڑے نے نیک خواہشات پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی مداحوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی تھی۔

تاہم دونوں نے بیان میں وضاحت نہیں کی تھی کہ ان کے ہاں کب تک نئے مہمان کی آمد متوقع ہے۔

تازہ ترین