وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نگورنو کاراباخ میں امن وامان کی خراب صورتحال پرگہری تشویش ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا آذربائیجان کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، اس دوران دوطرفہ تعلقات، آذربائیجان ،آرمینیا کشیدگی اور باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’نگورنو کاراباخ‘ میں امن وامان کی خراب صورتحال پر گہری تشویش ہے، آذربائیجان کی دیہی آبادی پر آرمینیا کی بھاری گولہ باری قابلِ مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل وقت میں آذربائیجان کی قیادت و عوام کے ساتھ ہے، ہم نگورنو کاراباخ سے متعلق آذربائیجان کے موقف کی حمایت کرتے ہیں، آذربائیجان اور آرمینیا میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی مثبت پیشرفت ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ فریقین میں پائیدار امن کا انحصار سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد پر ہے، آذربائیجان کے علاقوں سے آرمینیائی افواج کو انخلا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کی اوآئی سی رابطہ گروپ سمیت عالمی فورمز پر نہتے کشمیریوں کی حمایت قابلِ تحسین ہے۔
پاک، آذر بائیجان وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آذربائیجان کےوزیرخارجہ نےحالیہ تنازعہ میں پاکستان کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
اس کے علاوہ دونوں وزرائے خارجہ نے تجارت، تعلیم، کلچر سمیت کثیرالجہتی شعبہ جات میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آذربائیجان کے وزیرخارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
آذر بائیجان کے وزیرخارجہ نے دورہ پاکستان کی دعوت شکریہ کے ساتھ قبول کرلی۔