چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری سندھ پولیس کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ مشتاق مہر کے گھر پہنچ گئے۔
بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سندھ پولیس کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔
بلاول بھٹو زرداری نے بطور سربراہ حکمران جماعت اعلیٰ پولیس افسران کے سامنے کراچی واقعے کی مذمت کی۔
کراچی واقعے پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آرمی چیف نے مجھے کراچی واقعے کی شفاف تحقیقات کی یقین دہائی کروائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کراچی واقعے کی تحقیقات کے جلد نتائج سامنے آئیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت بھی کراچی واقعے کی وزراء کی سطح پر تحقیقات کر رہی ہے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ پولیس کے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف کردار کو سراہا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس نے ملک دشمن عناصر کے خلاف مثالی کارنامے انجام دیے۔
انھوں نے مزید کہا کہ چینی قونصل خانے کا تحفظ گواہ ہے کہ سندھ پولیس نے خارجہ امور کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ کراچی اسٹاک مارکیٹ کا دفاع گواہ ہے کہ سندھ پولیس نے پاکستان کے معاشی حب کی زندگیاں دے کر حفاظت کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں قیام امن اور دہشتگردی کے خلاف جدوجہد پر سندھ پولیس کی خدمات کا معترف ہوں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں یقین دلاتا ہوں سندھ کے عوام کا صوبے کی پولیس پر فخر کا تسلسل جاری رہے گا۔