• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاباش سندھ پولیس، ہمیں آپ پر فخر ہے، مریم نواز


پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے چھٹی کی درخواستیں دینے پر سندھ پولیس کے افسران کو شاباش دی ہے اور انھیں باعث فخر قرار دیا۔

کراچی واقعے پر پولیس کے تمام اعلیٰ افسران کی جانب سے چھٹی کی درخواست پر لیگی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے ردِ عمل سامنے آگیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ دھونس اور جبر کے سامنے جھک جانے سے انکار کرتے ہوئے پوری سندھ پولیس نے چھٹی کی درخواست دے دی۔

ان کا کہنا تھا کہ اداروں کو تباہ کرنے کا راگ الاپنے والوں کو اچھے سے پتہ چل گیا ہوگا کہ ادارے کیسے تباہ ہوتے ہیں اور ان کو کون تباہ کرتا ہے۔

اپنے پیغام میں مریم نواز نے یہ بھی لکھا کہ ’شاباش سندھ پولیس، ہمیں آپ پر فخر ہے۔‘

قبل ازیں محکمہ پولیس سندھ کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) مشتاق مہر سمیت کئی افسران نے ایک ساتھ چھٹی پر جانے کا فیصلہ کیا تھا۔

ماضی میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ اتنی بڑی تعداد میں پولیس فورس کے اعلیٰ ترین افسران نے ایک ساتھ چھٹیوں کے لیے درخواست دی ہو۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز  پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں شرکت کے لیے کراچی آئی تھیں۔

اس دوران انہوں نے سب سے پہلے مزارِ قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی، تاہم فاتحہ کے بعد مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے مزار قائد میں سیاسی نعرے بازی کی۔

بعد ازاں شہری وقاص احمد کی جانب سے اس معاملے میں کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا جس میں مزارِ قائد کی بے حرمتی سے متعلق دفعات شامل کی گئی تھیں۔

اس حوالے سے یہ خبریں بھی گردش کرتی رہیں کہ واقعے کی ایف آئی آر صبح تقریباً 5 بجے کے قریب کٹوائی گئی جبکہ 6 سے ساڑھے 6 بجے کے درمیان کیپٹن (ر) صفدر کو مقامی ہوٹل سے گرفتار کیا گیا تھا۔

مقدمے کے اندراج سے متعلق متعدد افواہیں بھی گردش کرتی رہیں کہ آئی جی سندھ پولیس پر کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مقدمہ درج کروانے کے لیے دباؤ تھا۔

تازہ ترین