• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی آپریشن میں سب سے زیادہ قربانیاں پولیس فورس نے دیں

کراچی (ثاقب صغیر / اسٹاف رپورٹر )پولیس کے سینئر افسران نے دیر سے ہی سہی لیکن اپنے آئی جی کیساتھ روا رکھے جانے والے رویے کے خلاف قدم اٹھایا جس سے پولیس فورس میں گزشتہ ایک روز سے چھائی ہوئی بے یقینی کا خاتمہ ہو گیا۔

پولیس افسران کی جانب سے اجتماعی طور پر دی جانے والی چھٹیوں کی درخواست سے یہ بھی واضح ہو گیا کہ آئی جی سندھ کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ سب حقیقت تھی اور اب تک کسی جانب سے اسکی تردید بھی سامنے نہیں آئی ۔کراچی آپریشن کی کامیابی پر جہاں رینجرز اور دیگر اداروں کا کردار ہے وہیں پولیس فورس نے ہمیشہ فرنٹ سے اس آپریشن کو لیڈ کیا۔

کراچی آپریشن کے دوران سب سے زیادہ قربانیاں پولیس فورس نے دیں اور سیکڑوں افسران اور اہلکاروں نے دہشت گردی کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے دئیے۔

پولیس افسران کا یہ کہنا ہے کہ جب پولیس فورس کا افسر چھٹی پر چلا گیا ہے تو ہمارے رہنے کا کیا جواز ہے۔ایک سینئر پولیس افسر کا کہنا تھا کہ اگر فورس کے کمانڈر کیساتھ یہ ہو سکتا ہے تو کل کو کسی کے ساتھ بھی اسطرح کا واقعہ پیش آ سکتا ہے۔

پولیس ایک فورس ہے اور اگر اسکی کمانڈ ہی نہیں ہو گی تو بغیر کمانڈ کے فورس کیسے کام کرے گی اسی لئے ہم نے اپنے اعلیٰ افسران کے ساتھ یکجہتی اور پولیس فورس کی عزت کے لئے اجتماعی چھٹی کی درخواستیں دی ہیں،پولیس کی جانب سے دی جانی والی قربانیاں اس لئے نہیں تھیں کہ کسی بھی وقت فورس کے کسی بھی افسر کیساتھ اس طرح کا رویہ رکھا جائے۔

تازہ ترین