لاہور(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمران مستی سے زندگی گزار رہے ، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔معیشت ڈوب چکی، پریشان لوگوں کیلئے میدان میں نکل آئے ہیں، حکومت کی نااہلی سے ملکی معیشت ڈوب چکی ہے ۔ہم لوگوں کو ان پریشانیوں سے نجات دلانے کے لیے میدان میں ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا فاقہ کش عوام پرحکومت مہنگائی کے کوڑے برساتی ہے اور ساتھ نعرہ لگاتی ہے کہ گھبرانا نہیں ۔ دو سال سے عوام کا خون نچوڑا جارہاہے ۔ مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کے چولہے بجھ گئے ہیں ۔وزیراعظم عوام کی زندگی کا سکون چھین کر کہتے ہیں ، سکون قبر میں ملے گا ۔حکومت کو ووٹ اور سپورٹ دینے والے پشیمان ہیں ۔ جماعت اسلامی عوام کی سیاست کرتی ہے ۔ لوگوں کو پریشان دیکھ کر دل خون کے آنسو روتاہے ۔بے حس حکمرانوں نے عوام کی نیند حرام کردی ہے ۔