• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم کا پلیٹ فارم اداروں کیخلاف استعمال ہوا، مصطفیٰ کمال

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی کی زمین اور پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم کو افواجِ پاکستان اور ملکی سالمیت پر مامور اداروں کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کیا گیا جو ملکی سالمیت کے خلاف سازش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ملیر کے ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی و دیگر اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔کراچی کو لاوارث سمجھ لیا گیا ہے لیکن یہاں کا بچہ بچہ اس کا وارث ہے، جس میدان میں پی ڈی ایم کی 11 جماعتوں نے مل کر پنڈال سجایا وہیں 8 نومبر کو اصل کراچی والے پاک سرزمین پارٹی کے جھنڈے تلے عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں گے اور حکمرانوں سمیت اپوزیشن کو اہالیانِ کراچی کی طاقت سے باور کروا دیں گے۔ پی ڈی ایم کے جلسے میں کسی ایک جماعت کے رہنما نے کراچی میں کھڑے ہو کر کراچی کے مسائل پر بات نہیں کی۔ کراچی کی زمین اور پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم کو افواجِ پاکستان اور ملکی سالمیت پر مامور اداروں کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کیا گیا جو ملکی سالمیت کے خلاف سازش ہے۔

تازہ ترین