پاکستان کے نامور گلوکار اور حال ہی میں اداکارہ سارہ خان سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے فلک شبیر بھی اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں، فلک کا کہنا ہے کہ انہوں نے اہلیہ سارہ خان سے اداکاری کی کلاسز لینا شروع کردی ہیں۔
فلک شبیر نے آن لائن ویب شو میں شرکت کی جس میں انہوں نے گفتگو کے دوران عندیہ دیا کہ وہ جلد ہی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
فلک شبیر کا کہنا تھا کہ وہ جلد ہی اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے جارہے ہیں کیونکہ اداکاری مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔
گلوکار نے کہا کہ گلوکاری کی بنسبت اداکاری کے لیے آپ کو زیادہ تحمل کی ضرورت ہوتی ہے، اداکاری کے مقابلے میں موسیقی کی محفلیں بہت ہی اچھی ہوتی ہیں اور ماحول بھی خوشگوار ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلوکاری میں مداحوں سے ملتے ہیں، گفتگو کرتے ہیں تو اس میں کافی تفریح میسر آتی ہے، محافل موسیقی میں سب کچھ زندہ دل اور تفریح ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک دن سارہ سے ملنے کے لیے سیٹ پر پہنچا تو احساس ہوا کہ اداکاری میں بہت صبر کی ضرورت ہوتی ہے، آپ کو ایک ہی سیٹ پر 10 سے 12 گھنٹے گزارنے پڑتے ہیں لہٰذا مجھے یقین ہے کہ اداکاری کرنا مشکل ہے لیکن یہ ناممکن نہیں ہے۔
گلوکار نے کہا کہ میں نے اہلیہ سارہ خان سے اداکاری کی کلاسز لینا شروع کردی ہیں اور اب آگے بھی اچھے کی امید ہے، جب اداکاری کروں گا تو آپ کو یقیناً حیرانی ہوگی۔
خیال رہے کہ رواں برس رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے گلوکار فلک شبیر اور اداکارہ سارہ خان کی اچانک شادی سے کئی لوگ حیران ہوگئے تھے۔
دونوں نے 14 جولائی کو منگنی کا اعلان کیا اور اگلے ہی دن دونوں کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوا اور دونوں 17 جولائی کو شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
اپنے انسٹاگرام پر سارہ خان نے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ میں نے ہاں کر دی۔
دونوں کی اچانک منگنی اور شادی کے حوالے سے کئی لوگ اس لیے بھی حیران ہوئے کہ انہیں اتنا زیادہ ایک ساتھ نہیں دیکھا گیا تھا۔
اداکارہ سارہ خان کی فلک شبیر سے پہلے اداکار آغا علی کے ساتھ شادی ہونے کے چرچے تھے اور دونوں نے ایک ساتھ اسکرین پر کام بھی کیا۔
سارہ خان اور اداکار آغا علی ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے تاہم 2019 میں دونوں نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر علیحدگی اختیار کرلی تھی۔