اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نواز شریف سزا یافتہ مجرم ہیں‘امید ہے کہ برطانوی حکومت اس حوالے سے جلد فیصلہ کرے گی اور میرے خیال میں حکومت 15 جنوری تک انہیں واپس لانے میں کامیاب ہو جائے گی، لوٹ مار کرنے والوں کو پناہ دینے سے برطانیہ کا امیج خراب ہو رہا ہے، وہاں کے فیصلہ ساز سخت پوزیشن لینے کی بات کر رہے ہیں۔
بدھ کوایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں کرپشن اور منی لانڈرنگ کے خلاف بیانیہ چل رہا ہے، برطانوی حکومت میں بھی یہی بیانیہ چل رہا ہے، یقیناً پاکستان کو اس کا فائدہ ہو گا۔
برطانوی حکومت کا بھی یہی ماننا ہے کہ جو لوگ غریب ممالک سے بدعنوانیوں اور منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسے لیکر برطانیہ آ جاتے ہیں، یہاں پر انہیں سیاسی پناہ دی جاتی ہے یا وہ سیاسی سرگرمیاں شروع کر دیتے ہیں تو اس سے دنیا کے سامنے برطانیہ کا امیج متاثر ہوتا ہے اور انہوں نے اس حوالے سے سخت پوزیشن لینے کی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی حکومت کی طرف سے حوصلہ افزا خبریں آ رہی ہیں، نواز شریف کا کیس دیگر لوگوں سے مختلف ہے، وہ سزا یافتہ مجرم ہیں۔