• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: مسکن دھماکا، عمارت کا متاثرہ حصہ گرایا جانے لگا


کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں مسکن چورنگی پر گزشتہ روز جس عمارت میں بم دھماکا ہوا تھا، اس کا اگلا حصہ بری طرح متاثر اور مخدوش ہونے کے باعث گرایا جا رہا ہے۔

عمارت کا ملبہ اٹھانے کے لیے ہیوی مشینری بھی موقع پر موجود ہے، عمارت کے قریب کسی کو آنے نہیں دیا جا رہا جبکہ عملہ عمارت کو منہدم کرنے میں مصروف ہے۔

مسکن چورنگی کے قریب عمارت میں دھماکے کی تحقیقات کے لیے پولیس اور سوئی گیس کمپنی کی ٹیمیں جائے وقوع کا دورہ کریں گی۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے سے متاثرہ عمارت اور اطراف میں شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ متاثرہ عمارت رہائش کے قابل ہے یا نہیں اس بات کا فیصلہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) جائزے کے بعد کرے گی۔

دھماکے کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آگئی ہے، ویڈیو میں بلڈنگ میں قائم نجی بینک کی طرف دھماکا ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دھماکے سے عمارت کا ایک حصہ تباہ ہوگیا، دھماکے کے فوراً بعد مسکن چورنگی پر ملبہ گرنے سے گرد و غبار اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔

چورنگی پر موٹر سائیکل اور کار سوار تیزی سے وہاں سے نکلتے بھی دیکھے جا سکتے ہیں، دھماکے کے بعد شہری خوفزدہ ہو گئے اور بھگدڑ مچ گئی۔


دھماکے سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا، عمارت گرنے سے نیچے کھڑی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں تباہ ہو گئیں۔

دھماکے سے عمارت کے تباہ ہونے اور جانی و مالی نقصان کا مقدمہ نجی بینک کے آپریشن منیجر محمد عارف کی مدعیت میں گلشنِ اقبال تھانے میں درج کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 27 زخمی ہوگئے تھے جن میں بینک کا عملہ بھی شامل ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ کے مطابق دھماکا گیس لیکیج سے ہوا تھا، متاثرہ عمارت کا ایک حصہ خالی کرا لیا گیا ہے۔

تازہ ترین