وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا پہلا مُلک ہے جو یونیورسل ہیلتھ بینیفٹ پیکیج کی فراہمی کی جانب جا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر فیصل سلطان نے بین الوزارتی ہیلتھ و پاپولیشن کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ سندھ کی وزیرِ صحت ڈاکٹر عزرا پیچوہو، صوبائی ہیلتھ منسٹر خیبر پختون خوا ڈاکٹر تیمور ظفر جھگڑا، عالمی ادارۂ صحت کے یونیورسل ہیلتھ پیکیج بینیفٹس کے ایڈوائزر ڈاکٹر ظفر مرزااور ڈی جیز ہیلتھ نے بھی شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ حکومت یونیورسل ہیلتھ کوریج کی رسائی ہر شخص تک یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیکیج کی فراہمی سے پاکستان کو مستقبل میں پیش آنے والے شعبۂ صحت کے چیلنجز سے نمٹنے میں آسانی ہو گی۔
وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ پاکستان ہیلتھ سروسز میں اہم پیکیجز کی دستیابی یقینی بنانے والے اوّلین ممالک میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت ِصحت کی جانب سے صوبائی وزارت و محکمۂ صحت کے اشتراک سے یونیورسل ہیلتھ بینیفٹ پیکیج لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ عالمی ادارۂ صحت اور بِل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے مشترکہ تعاون سے پاکستان کو ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کے اطلاق سے شعبۂ صحت میں بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہیلتھ کے اہم شعبوں میں ترجیحی بنیادوں پر سرمایہ کاری سے صحت کے میدان میں ترقی کےواضح امکانات ہیں۔
وزیرِ صحت سندھ نے کہا کہ صحت ایک بنیادی حق ہے اور معیاری صحت کے لیے سہولتیں ہر شہری کو با آسانی میسر ہونی چاہئیں۔
صوبائی وزیر صحت کے پی کے نے کہا کہ ہیلتھ سیکٹر میں سہولتوں کی فراہمی کے لیے سرمایہ کاری صحت کے میدان میں ریفارمز کے طور پر سامنے آئیں گی۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کی جانب سے ہیلتھ سروسز پییکج پر عمل درآمد کے لیے ساتھ مِل کر چلنے پر زور دیا گیا۔