وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، عوام کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وفاق اور صوبوں کو ملکر کام کرنا ہو گا۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کی زیر صدارت ہیلتھ اینڈ پاپولیش کا بین الصوبائی اجلاس منعقد ہوا۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق اجلاس میں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور وزیرصحت خیبر پختونخوا تیمور ظفر جھگڑا شریک ہوئے۔
وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔
آزاد کشمیر کے وزیر آبادی ناصر زمانی اور بلوچستان کی پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت نے اپنے صوبوں اور علاقوں کی نمائندگی کی۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس کا مقصد صحت اورآبادی کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نیوٹریشن اور اسٹنٹنگ پر قابو پانے کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا، اور نرسنگ کے شعبے کو مضبوط اور ہیپاٹائٹس کے خاتمے سے متعلق مشاورت بھی کی گئی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، عوام کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وفاق اور صوبوں کو ملکر کام کرنا ہو گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ نرسنگ کا شعبہ صحت کے شعبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔