• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ اور بائیڈن کے ایک دوسرے پر پیسے لینے کے الزامات


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور انکے حریف جو بائیڈن نے آخری مباحثے کے دوران ایک دوسرے پر چین اور روس سے پیسے لینے کے الزامات لگادیئے۔

ٹرمپ نے کہا جو بائیڈن کو ساڑھے تین ملین ڈالر روس سے ملے۔ روس بائیڈن کو بہت رقم دے رہا ہے، ای میلز نے یہ ظاہر کردیا۔

جواب میں جو بائیڈن نے کہا کہ میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، چین سے اگر کسی نے رقم بنائی ہے تو وہ ٹرمپ ہیں۔

مباحثے کے دوران امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ22 لاکھ امریکیوں کے کورونا سے ہلاک ہونے کا خدشہ تھا، چین سے آئے اس وائرس سے لڑنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ کورونا وبا اب دور ہوتی جارہی ہے، ویکسین اس سال کے آخر تک آجائے گی۔

صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے جواب میں کہا کہ 2 لاکھ20 ہزار امریکی کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ مزید 2 لاکھ امریکیوں کے کورونا سے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے، اگر کوئی شخص ان اموات کا ذمہ دار ہے تو اسے صدر نہیں رہنا چاہیے۔

جو بائیڈن نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کے پاس وبا کا مقابلہ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، ہم ٹیسٹنگ بڑھائیں گے، میں اس وبا کو ختم کروں گا۔

جو بائیڈن کے موقف پر امریکی صدر نے مزید کہا کہ مجھے کورونا ہوا میں ٹھیک ہوگیا، 99فیصد لوگ اس سے ٹھیک ہوجاتے ہیں، ہم کورونا کے ساتھ جینا سیکھ رہے ہیں۔ ہمیں اپنے اسکول کھولنا ہوں گے، ہم ملک بند نہیں کرسکتے۔

امریکی صدر کو جواب دیتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا کہ ہم کورونا کے ساتھ جینا نہیں کورونا کے ساتھ مرنا سیکھ رہے ہیں، میرے نزدیک یہ موسم سرما انتہائی سیاہ ثابت ہوگا۔

تازہ ترین