سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایوان کو مفلوج کردیا، اگر اُن پر دباؤ ہے تو وہ اپنی کرسی چھوڑ دیں۔
صوابی میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسپیکر کی وجہ سے قومی اسمبلی میں ایک ہفتے سے مہنگائی پر بات نہیں ہوسکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر اسد قیصر اسمبلی چلاتے ہی نہیں ہیں، اگر ان پر دباؤ ہے اور آپ کو کام نہیں کرنے دیا جاتا تو آپ گھر جائیں۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ قوم کی بدقسمتی ہے کہ اسے یہ حکمران ملے ہیں، جب تک ملک آئین کے مطابق نہیں چلے گا، یہاں ترقی نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کوئی بولنے کے لیے تیار نہیں لیکن مسلم لیگ (ن) ضرور بولے گی، ہم نے باہر نکل کر بیروزگاری کا خاتمہ کرنا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے دوران تقریر وزیراعظم عمران خان سے پوچھا کہ آپ بتائیں آٹا 75 روپے اور چینی 110 روپے کلو کیسے ہوئی؟
انہوں نے استفسار کیا کہ خان صاحب بتائیں کہ بجلی کے بل دُگنے کیسے ہوگئے؟ کہ آج ہر شخص پریشان ہے، لوگ چاہتے ہیں کہ ان کے مسائل حل کیے جائیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ بیروزگار، غربت ختم کرنے کا حل نئے انتخابات ہیں، ووٹ کو عزت اس لیے دینا ہے کہ ہمیں مہنگائی ختم کرنی ہے۔