• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی واپسی پر وزیراعظم کےموقف میں وزن ہے، شاہ محمود


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نواز شریف کو واپس لانے کے لیے وزیراعظم عمران خان کے موقف میں وزن ہے، ہم نے برطانیہ سے درخواست کی ہے کہ اپنے قانون کو سامنے رکھتے ہوئے کارروائی کریں، برطانیہ کو سمجھنا چاہیے کہ نواز شریف باہر تشریف کیوں لے گئے۔

وزیر خارجہ شاہ محمو دقریشی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی واقعے کی ویڈیو سامنے آچکی، اپوزیشن کے دعوے کی قلعی کھل گئی، تحقیقات مکمل ہونے کا انتظار کیا جائے۔

فیٹف کے معاملے پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فیٹف کے 27 میں سے 21 نکات پر سو فیصد عمل ہورہاہے، باقی پر بھی ہم آگے بڑھ رہے ہیں، پاکستان کو گرے لسٹ میں دھکیلنے کی بھارتی سازش ناکام ہو گی۔

شاہ محمود قریشی نے بھارتی جاسوس کلبھوشن کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن بھارت کے جال میں آنے سے بچے، پاکستان قونصلر رسائی دینا چاہتا ہے بھارت لے نہیں رہا۔


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ ملزمان کے تبادلے کا قانون نہیں، نواز شریف صاحب کیوں باہر تشریف لےگئے، انسانی بنیادوں پر نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی گئی، ان کی صحت اور زندگی کی خاطر انہیں باہر بھجوایا گیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عدالت کو شہباز شریف نے نواز شریف کی گارنٹی دی تھی، نواز شریف کو اخلاقی و سیاسی طور پر ازخود واپس آنا چاہیے، وہ واپس آکر عدالتوں کا سامنا کریں تو اچھا ہوگا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ نواز شریف مکمل صحت یاب ہیں اور سیاست میں حصہ لے رہے ہیں، ہم نے برطانیہ سے درخواست کی ہے کہ وہ نواز شریف کو واپس وطن بھیجیں۔

تازہ ترین