بھارتی فلم اسٹار اجے دیوگن اپنی اور اہلیہ کاجول کی شادی کی تاریخ بھول گئے جسے بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے یاد دلا دیا۔
گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر معروف بھارتی اداکار شاہ رخ خان، اجے دیوگن اور کاجول کی ایک پُرانی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں اجے دیوگن اپنی شادی کی تاریخ کو یاد نہیں کرسکے اور جب اس کے بارے میں شاہ رخ خان سے پوچھا گیا تو اُنہوں نے کاجول اور اجے کی شادی کی درست تاریخ بتادی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی ویڈیو کو دو مختلف ویڈیوز سے ملا کر بنایا گیا ہے، پہلی ویڈیو بالی وڈ فلمساز کرن جوہر کے شو کی ہے جس میں اُنہوں نے اجے دیوگن اور کاجول کو بطور مہمان مدعو کیا اور سوال و جواب کے ایک سیشن کے دوران کرن جوہر نے اجے دیوگن سے اُن کی شادی کی تاریخ پوچھی۔
کرن جوہر کے سوال پر اجے دیوگن ہچکچاتے ہوئے غلط تاریخ بتاتے رہے لیکن وہ شادی کی درست تاریخ بتانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
دوسری جانب وائرل ہونے والی اگلی ویڈیو ایک دوسرے ٹاک شو کی ہے جس میں میزبان نے کاجول اور شاہ رخ خان کو مہمان خصوصی مدعو کیا اور اُنہوں نے شاہ رخ خان سے سوال کیا کہ آپ اجے دیوگن اور کاجول کی شادی کی تاریخ بتائیں۔
میزبان کے سوال پر شاہ رخ خان نے فورا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 24 فروری، اداکار کے درست جواب پر کاجول نے شدید خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے تُم پر بہت فخر ہے۔
واضح رہے کہ کاجول نے 24 فروری 1999 کو اجے دیوگن سے شادی کی، ان کے دو بچے بیٹی نیسا اور بیٹا یگ ہیں، 2003 میں اپنی بیٹی کے پیدائش کے بعد کاجول کئی فلموں میں جلوہ گر ہوئیں، جن میں ’فنا‘، ’یو می اور ہم‘، ’مائے نیم از خان‘ وغیرہ شامل ہیں۔
دوسری جانب کاجول کی آخری ریلیز فلم ’دل والے‘ تھی جس میں وہ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرتی نظر آئیں جبکہ کاجول اور شاہ رخ خان کی جوڑی کو آج بھی بالی وڈ کی کامیاب جوڑی مانا جاتا ہے۔