سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر کے جعفر روڈ پر سی ٹی ڈی گارڈن سے مقابلے میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 2 مبینہ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) گارڈن نے کالعدم تنظم کے مبینہ دہشت گردوں کی اطلاع ملنے پر ضلع سکھر میں جعفر آباد روڈ پر کارروائی کی تو موٹر سائیکل سوار 2 مبینہ دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔
انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کے مطابق جوابی فائرنگ میں دونوں مبینہ دہشت گرد زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم دونوں راستے میں دم توڑ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کی شناخت محب اللّٰہ خان اور محمد انور کے نام سے ہوئی ہے۔
انچارج سی ٹی ڈی نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد 2008ء سے 2010ء کے درمیان پاک فوج کے قافلوں اور چیک پوسٹوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، دھماکا خیز مواد، کیلیں، نٹ بولٹ، بال بیرنگ، ڈیٹونیٹر وائر اور موٹر سائیکل ملی ہے۔
سی ٹی ڈی کے انچارج چوہدری صفدر نے یہ بھی بتایا ہے کہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گروں کا تعلق کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تھا۔