پشاور(نیوز ڈیسک) صوبہ خیبر پختونخواکے ضلع چترال میں تین روزہ خصوصی انسدادپولیو مہم کا آ غاز 26اکتوبرسے ہورہا ہے مہم کے دوران 71ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلوائے جائیں گے انسداد پولیو مہم کے انتظامات کے سلسلے میں ایمر جنسی آپریشن سنٹر میں کو آرڈینیٹر عبدالباسط کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میںصوبائی محکمہ صحت اور ای پی آئی کے اعلیٰ حکام، عالمی ادارہ اطفال (یونیسیف) ،ڈبلیو ایچ او، بی ایم جی ایف اور دیگر معاون اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اجلاس کے شرکاء نے پیر 26اکتوبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اور پولیو کے موذی وائرس کے خاتمے کے لیے نتیجہ خیز اقدامات سے متعلق تجاویز اور حکمت عملی پر اتفاق کیا ای او سی کوآرڈینیٹر عبدالباسط نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس خصوصی پولیو مہم کو زیادہ سے زیادہ موثرانداز میں چلانے کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں خیبر پختونخوا کے ضلع چترال میں پولیو مہم چلائی جائیں گی۔ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے71ہزار 105بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اس مقصد کے لئے تربیت یافتہ پولیو ورکرز پر مشتمل 519ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ان پولیو ٹیموں میں 464موبائل ٹیمیں،35 فکسڈ ٹیمیں،15ٹرانزٹ ٹیمیںاور5رومنگ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ مہم کی موثر نگرانی کے لئے119ایریا انچارجز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں کوآرڈینیٹر ای او سی عبدالباسط نے معاشرے کے تمام طبقات پر زوردیا تاکہ بچوںمستقبل کوپولیو کے ہاتھوں معذوری سے بچانے اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے اس پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔