• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سماجی ادارے ملکر ڈاٹ کام کی ضرورت مندوں کے لیے کپڑاجمع کرنے کی مہم

سماجی ادارے ملکرڈاٹ کام نے رضاکاروں اور سول سروس اداروں کے اشتراک سے سماجی بھلائی کے کام کا آغاز کیا ہے۔ کمیونٹی سروس کے اس پلیٹ فارم کے ذریعے سے ملک کے نوجوانوں اور سول سروس اداروں کو یکجا کرکے ایک صحت مند کمیونٹی کو فروغ دینا ہے۔

اس ادارے نے حال ہی میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارے (یو این ڈی پی) کے اشتراک سے پنجاب ایس ڈی جیز سپورٹ یونٹ کا آغاز کیا ہے، تاکہ 17 ڈیولپمنٹ اہداف کو برقرار رکھا جاسکے۔

ذرائع کے مطابق ملکر ڈاٹ کام نے ملک بھر میں اخوت فاؤنڈیشن اور چادر فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ایک مہم شروع کی ہے تاکہ کپڑوں کی شکل میں عطیات وصول کیے جاسکیں، یہ مہم دو ماہ تک جاری رہے گی۔


سردیوں کا موسم قریب ہے، ملک میں آبادی کا ایک بڑا حصہ ایسا ہے جسے مناسب اور سرد موسم سے محفوظ رکھنے والے کپڑوں کی ضرورت ہوگی۔ اس سماجی مقصد کے لیے ملکر ڈاٹ کام نے نوجوانوں کو متحرک کردیا ہے۔

چادر اور اخوت فاؤنڈیشن کے متعلقہ رضاکاروں نے لاہور، اسلام آباد اور کراچی میں کمیونیٹیز کے لیے کپڑے جمع کرنا شروع کردیئے ہیں، رضاکار اسکے علاوہ عطیات کی وصولی، تقسیم اور دیگر سرگرمیوں میں بھی حصہ لے سکیں گے۔

ملکر ڈاٹ کام کا ایجنڈا بہت واضح ہے یعنی جو تنہا نہیں وہ ملکر ممکن ہے۔ ملکر ڈاٹ کام کے ذرائع کے حوالے سے ایک بیان کے مطابق ملکر ایک اجتماعی کوشش کرنے والا ادارہ ہے اور رضا کار معاشرے میں مثبت تبدیلی لاسکتے ہیں۔ اور ملکر کپڑے جمع کرنے کی مہم عدم مساوات کو کم کرنے کی جانب پہلا قدم ہے جو کہ اقوام متحدہ کے ایس ڈی جیز کا ایک اہم ہدف ہے۔

رضا کار کپڑے جمع کرنے کی اس مہم کے لیے سائن اپ کرسکتے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم ملک بھر میں کمیونٹی سروس کی سرگرمیوں میں شریک ہونے اور آپس میں مربوط ہونے کے لیے ایک ڈیجیٹل طریقہ کار پر مبنی ہے، اس نیک مقصد کے لیے لوگ ملک بھر سے شریک ہوسکتے ہیں۔ تصدیق شدہ ادارے جو کہ رضا کاروں کو ہائر کرسکتے ہیں وہ بھی خود کو ملکر ڈاٹ کام سے رجسٹر کراسکتے ہیں۔

تازہ ترین