کراچی (اسٹاف رپورٹر) فواد عالم عام طور پر ٹھنڈے مزاج کے شخص سمجھے جاتے ہیں لیکن پیر کو پریس کانفرنس میں سوال کا جواب دینے کے بجائے وہ غصے میں آگئے اور صحافی سے سوال پوچھ لیا ۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق فواد عالم کا رویہ نامناسب تھا۔یہ واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔کراچی کا میڈیا سالہا سال سے فواد کا کیس لڑتا رہا ہے لیکن فواد کراچی کے صحافی پر برہم ہوگئے۔ صحافی نے ٹیسٹ بیٹسمین سے پوچھا کہ ڈومیسٹک میں آپ کی کارکردگی ہمیشہ غیر معمولی رہی ہے، لیکن انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ایسی کارکردگی دکھائی نہیں دی ایسا تو نہیں کہ فواد اب ڈومیسٹک کا ہی کھلاڑی رہ گیا ہے۔ فواد عالم نے سوال کا برا منایا اور کہا کہ یہ میرے بارے میں آپ کی رائے ہے۔انہوں نے جواب دینے کے بجائے الٹا صحافی سےسوال پوچھ لیا ۔ پھرپی سی بی کے میڈیا منیجر نے مداخلت کرتے ہوئے سوال کا جواب لینے نہیں دیا اور پریس کانفرنس آگے بڑھا دی۔ فواد عالم نے کہا کہ پچ بولنگ کے لئے سازگار ہے لیکن اگر بیٹسمین رک کر کھیلے تو پچ میں رنز بھی موجود ہیں۔