• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری آج یوم سیاہ منائیں گے، مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال، سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے، دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے

سری نگر، مظفر آباد(ایجنسیاں)بھارتی قبضے کیخلاف کشمیری آج یومِ سیاہ منائیں گے،مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال،سیاہ پرچم لہرائے جائینگے،دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرےہونگے، پاکستان بھر میں سرکاری طور پر یومِ سیاہ منایا جائے گا،آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں میں خصوصی انتظامات، سرگرمیوں میں تمام صوبوں کے وزراء اعلیٰ و دیگر سینئر وزراء شرکت کریں گے،پاکستان ،کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری عوام کشمیر پربھارتی قبضے کے خلاف آج یومِ سیاہ منائیں گے تاکہ عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ وہ اپنے مادرِ وطن پر غیر قانونی اور غاصبانہ بھارتی قبضے کو مسترد کرتے ہیں،کشمیر پربھارتی قبضے کے خلاف آج پاکستان بھر میں سرکاری طور پر یومِ سیاہ منایا جائے گا۔آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں میں یوم سیاہ منانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، یوم سیاہ کے موقع پر اسلام آباد انتظامیہ اورتمام صوبائی حکومتوں نے اس دن کے حوالے سے خصوصی تقاریب،سیمینارز، تصاویری نمائش، ریلیز،تقریری مقابلوں،جلسے جلوس، اسکول وکالجزمیں مضمون نویسی جیسی سرگرمیوں کا انتظام کر رکھا ہے۔ ان سرگرمیوں میں تمام صوبوں کے وزراء اعلیٰ و دیگر سینئر وزراء شرکت کریں گے۔ تمام صوبوں کے ڈویثرنل ہیڈ کواٹرز اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرز پر اسی قسم کی تقاریب منعقد کی جارہی ہیں۔ اس ضمن میں چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اس دن کے حوالے سے ڈویثرنل اورڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرز میں تمام سرگرمیوں اور تقاریب کی خودنگرانی کریں۔ گلگت بلتستان میں بھی یوم سیاہ کشمیر منانے کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جن میں صوبائی حکومت،وزیراعلیٰ،وزراء اور تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے اورعوام بھرپور انداز سے شرکت کریں گے۔ آزادکشمیر حکومت نے بھی یوم سیاہ منانے کے حوالے سے بھرپور انتظامات کر رکھے ہیں اوراس موقع پر ایل او سی کی دوسری جانب یکجہتی سے بھرپور پیغام پہنچایا جارہا ہے۔ آزادکشمیر حکومت یوم سیاہ کے حوالے سے صدر آزادکشمیر اور وزیراعظم آزادکشمیر کے خصوصی پیغامات نشر کرے گی۔ مظفر آباد اور آزادکشمیر کے دیگر ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز میں خصوصی ریلیز،سیمینارز،تصویری نمائشوں مضمون نویسی اور تقاریری مقابلے کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ طرح پاکستان ریلوے کی ٹرینز اور اسٹیشنز پر بھی یوم سیاہ کے حوالے سے بینرز لگاے جارہے ہیں ۔ ایوی ایشن ڈویثرن کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ وہ تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر یوم سیاہ کے حوالے سے خصوصی بینرز آویزاں کرے تاکہ بیرون ملک سے آنے والے غیر ملکی یوم سیاہ کے دن کی اہمیت کو سمجھ سکیں۔ نیشنل ہائی ویز اور موٹرویز کے مختلف ٹول پلازوں پر یوم سیاہ کشمیر کے حوالے بینرز آویزاں کیے جارہے ہیں۔ پی این سی اے میںر مختلف کشمیر کے موضوع پر تقاریر کا انعقاد کیا جائے گا۔ لوک ورثہ اسلام آباد میں تصویری نمائش لگائی جائے گی۔ اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے بھی یوم سیاہ کے حوالے سے اپنا بھر پور کردارادا کریں گے تاکہ اس دن کو بھرپور انداز میں منایا جاسکے۔ سی ڈی اے نے اسلام آباد کی تمام اہم شاہراؤں پر یوم سیاہ کے حوالے سے بینرز آویزاں کیے ہیں۔ سیلولر / موبائل کمپنیاں یوم سیاہ کے حوالے سے خصوصی پیغامات نشر کریں ۔ وزارت داخلہ نے 27 اکتوبر یوم سیاہ کے موقع پر خصوصی سیکورٹی کے انتظامات کیے ہیں اس کے علاوہ تمام شہروں کے بڑے پلازوں،شاپنگ مالز اور مارکیٹوں میں بھی یوم سیاہ کے حوالے سے سٹریمرزاور بینرز لگانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ یوم سیاہ کے موقع پرکشمیری سیاہ پرچم لہرانے کے ساتھ احتجاجی مظاہرے ،ریلیاں اور جلوس نکا لیں گے جبکہ اقوام متحدہ کے مبصر دفاتر کو یاداشتیں پیش کی جائیں گی جن میں اقوام متحدہ پر کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمدکرانے کے لئے زور دیا جائے گا،27 اکتوبر1947کو بھار ت نے اپنی فوجیں اتار کر کشمیر کی سرزمین پر غیر قانونی قبضہ کیاتھا۔ یومِ سیاہ منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس ، اور دیگر آزادی پسند تنظیموں نے دی ہے۔ یوم سیاہ کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال ہوگی، سری نگر سے جاری ایک بیان میں ترجمان حریت کانفرنس نے کہا کہ ستائیس اکتوبر وہ دن ہے جب بھارتی فوج نے برصغیر کی تقسیم کے منصوبے اور کشمیریوں کی امنگوں کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر پر قبضہ کرلیا تھا ۔ ترجمان نے لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور پوری دنیا میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بسنے والے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں،قائد تحریک آزادی سیدعلی گیلانی نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 27، اکتوبر 1947 برصغیر کی تاریخ کا وہ سیاہ ترین دن ہے جب بھارتی افواج نے پہلی بار اپنے منحوس قدم سرزمین کشمیر پر رکھ کر اس خطہ جنت نظیر کے تقدس کو پامال اور یہاں کے باشندوں کے سکون و اطمینان کو غارت کیا۔ اس سال 27 اکتوبر کو کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے 73 برس مکمل ہوتے ہیں۔بھارت نے اپنے استعما ری عزائم کا کھلا ثبوت دیتے ہوئے فوجی قوت کے بل پر کشمیر پر اپنا غاصبانہ تسلط جما تو لیا لیکن پچھلے 73 سال کی تاریخ گواہ ہے کہ کشمیری عوام نے نہ صرف اس غاصبانہ قبضہ کو تسلیم نہیں کیا بلکہ وہ اپنی سرزمین کو بھارتی تسلط سے آزاد کرنے کیلئے بے سروسامانی کے باوجودبھارت کے جبرواستبداد کے سامنے سینہ سپر ہوگئے۔ سیدعلی گیلانی نے کہاکہ شہدائے کشمیر کی یہ قربانیاں ہمارے ہاتھوں میں ایک مقدس امانت کی طرح ہیں اور انکی حفاظت کرنا ہمارا اخلاقی ، ملی اور قومی فریضہ ہے اس امانت کے ساتھ کسی بھی قسم کی خیانت کے ہم ہرگز متحمل نہیں ہوسکتے۔

تازہ ترین