پشاور (لیڈی رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی،ناظمہ صوبہ عنایت امین اور ناظمہ ضلع پشاور یاسمین بانو نے فرانس میں ایک مرتبہ پھر اسلامو فوبیا اور توہینِ رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کی تازہ لہر کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپ اور مغرب بظاہر مہذب ہونے کا لبادہ پہنے پھرتے ہیں، مگر سچی بات یہ ہے کہ پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی اور شعائر اسلام کے خلاف ان کے بغض نے ان کے مکروہ چہروں کو بے نقاب کردیا ہے۔ فرانس یہ جان لے کہ امت کا ہر بچہ جوان بزرگ اور خواتین سب اپنے نبی کی ناموس کی حفاظت اپنی جان سے بڑھ کر کرنا جانتے ہیں۔ فرانسیسی جریدے میں اہانت پر مبنی کارٹون کی اشاعت اور پھر اس کی سرکاری سرپرستی کے حوالے سے دردانہ صدیقی کا کہنا تھا کہ ان فتنہ پروروں کی اتنی جرات ہوتی ہی اس لیے ہے کہ بدقسمتی سے مسلم دنیا کے اکثر حکمران اپنی دینی غیرت و حمیت کا مظاہرہ کرنے سے قاصر ہیں۔ اگر پوری امت مسلمہ کے حکمران مکمل اتحاد و یکجہتی اور قوت کے ساتھ مل کر اس مغربی و یورپی دہشت گردی کا جواب دیں تو مجال ہے کہ دنیا میں کہیں بھی کوئی رہبرِ انسانیت صلعم کی شان میں گستاخی کا سوچے بھی۔ انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت دیگر بین الاقوامی فورمز کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہونے اور دنیا میں نقصِ امن کا خدشہ پیدا ہونے کے باوجود ان عالمی فورمز کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ۔