• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کوجیل میں بیڈ فراہم کرنےکا حکم

آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو جیل میں بیڈ فراہم کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

سپرٹینڈنٹ جیل کوٹ لکھپت اعجاز اصغر عدالت میں پیش ہوئے، ان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا جناح اسپتال سے مکمل چیک اپ کرواگیا ہے، ایم آر آئی کیلئے ایک دو روز میں شہر کے کسی اسپتال میں منتقل کیا جائے گا۔

اعجاز اصغر  کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کے پاس پہلے ہی سینٹر کلاس ہے، حمزہ شہباز کو ایک مشقتی بھی فراہم کیا ہوا ہے۔


خیال رہےکہ اس سے قبل لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف کی میڈیکل ہسٹری کے مطابق انہیں سہولیات فراہم کرنےکا حکم دیتے ہوئےکہا تھاکہ شہباز شریف کو میٹریس، کرسی، گھر کا کھانا اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا تاہم گزشتہ دنوں عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر کوٹ لکھپت جیل بھیج دیا تھا۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے پارٹی صدر کو جیل میں سہولیات نہ دینے کا ذمہ دار وزیراعظم عمران خان کو ٹھہرایا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ اب اپوزیشن مختلف عمران خان دیکھے گی، اب کسی ڈاکو کو پروڈکشن آرڈر نہیں ملے گا، اب سے ان کو کوئی وی آئی پی جیل نہیں ملے گے بلکہ عام جیل ملے گی۔

تازہ ترین