اسلام آ باد (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی طرف پشاور دینی مدرسے میں دھماکے کیخلاف تحریک التواء سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرا دی۔تحریک التواء سینیٹ کے قواعد و ضوابط مجریہ 2012ء کے قاعدہ 85 کے تحت جمع کرائی گئی ہے۔تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ مدرسے میں دھماکے کے نتیجے میں7 طالب علم شہید اور سو سے زائد زخمی ہوگئے جب دھماکہ ہوا تو طلبا ء مسجد کے ہال میں دینی تعلیم حاصل کررہے تھے۔تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں کی طرف سے دینی تعلیم حاصل کرنیوالے معصوم طلبا ء کوپڑھائی کے دوران نشانہ بنانا انتہائی وحشیانہ اقدام ہے۔تحریک التواء میں انتہائی اہم اور فوری نوعیت کے اس قومی اہمیت کے حامل معاملے کو زیر بحث لانے کیلئے ایوان کی معمول کی کارروائی روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔