• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمٰن کاجمعہ تا ہفتہ احتجاج کا اعلان

مولانا فضل الرحمٰن کاجمعہ تا ہفتہ احتجاج کا اعلان


سکھر (بیورو رپورٹ) اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ میں اپیل کرتا ہوں پاکستان کے لوگ فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں، حکومتی و کاروباری سطح پر تمام تجارتی معاہدے منسوخ اور تجارتی روابط ختم کئے جائیں،ہم پورا ہفتہ ملک بھر میں احتجاج کرینگے،عمران خان جب بھی بات کرتا ہے تو بونگی مار دیتا ہے، ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ یہ باہر کے اداروں کا ایجنٹ ہے، اسے پاکستان کی معاشی ترقی، سی پیک کو روکنے کے لئے مسلط کیا گیا، اس کا وجود پاکستان کے لئے خطرہ بن گیا ہے، کب تک برداشت کریں اور کیوں برداشت کریں، جلسے اور مظاہرے ختم نہیں ہونگے بلکہ اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک قوم کو اس کے ووٹ کی امانت واپس نہیں ملتی۔

مدرسہ منزل گاہ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ہم حکومت کو سلیکٹڈ حکومت کہتے ہیں، سلیکٹڈ کے لئے کوئی سلیکٹر تو ہونا چاہیے، اگر یہ دونوں نہیں ہیں تو پھر بتادیں کہ کون سلیکٹر ہے، ایسی نوبت کیوں آجاتی ہے، ہم نواز شریف کو قابو کرینگے کہ آپ ایسی بات نہ کریں۔

علاوہ ازیں مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ہم میڈیا کے ساتھ کھڑے ہیں، میر شکیل الرحمن کو بلاجواز قید کررکھا ہے، بہت سے سینئر اینکرز کو فارغ کردیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ پیمرا فون کرتی ہے کہ یہ خبر نہیں چلانی، فلاں کو کوریج نہیں دینی، یہ کرنا ہے وہ نہیں کرنا، ملک میں نہ ہی میڈیا اور نہ ہی جمہوریت آزاد ہے، یہ دونوں ہمیشہ کھلے جمہوری ماحول میں فروغ پاتے ہیں، جہاں جمہوریت ہوتی ہے وہاں میڈیا بھی پروان چڑھتا ہے، جہاں بادشاہت ہوتی ہے وہاں صحافت نہیں ہوتی، دونوں چیزیں آئین کے مطابق ہونی چاہئیں، آئین بھی اظہار رائے کا حق دیتا ہے، ہم خود اس کی حدود جانتے ہیں، جب میڈیا کے ذریعے میری کردار کشی کی جائے گی تو پھر میرا حق بنتا ہے میں ان چینلز کے خلاف کارروائی کروں، قانون کے مطابق کچھ چینلز کو ہتک عزت کا نوٹس بھی دیا ہے کہ وہ الزامات ثابت کریں۔

تازہ ترین