اسلام آباد ہائی کورٹ نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر سرکاری سطح پر فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کی درخواست کا معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کا حکم دے دیا۔
عدالتِ عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے شہری کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ فرانس کے خاکے شائع کرنے پر مسلم ممالک نے احتجاج کیا ہے، سب سے بڑی بات یہ ہے کہ فرانسیسی صدر نے خود 2 عمارتوں پر خاکے لٹکانے کا کہا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ وفاقی کابینہ عوامی جذبات کو سامنے رکھ کر اس معاملے پر فیصلہ کرے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پاکستان کی حکومت نے واقعے کی مذمت تو کی ہے، فرانسیسی سفیر کو بھی بلایا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ قومی اسمبلی سے قرار دادبھی پاس ہوئی ہے، پارلیمنٹ سے قرار داد کا آنا بھی عوام کی ترجمانی ہے۔
عدالتِ عالیہ نے معاملہ وفاقی کابینہ کو بھجواتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔