• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گستاخانہ خاکوں کیخلاف کراچی میں عدالتی امور معطل


گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف سندھ ہائی کورٹ بار کی اپیل پر ہائی کورٹ اور کراچی کی دیگر عدالتوں آج میں عدالتی امور معطل کر دیئے گئے۔

اس موقع پر سندھ ہائی کورٹ کے تمام بورڈ ڈسچارج کر دیئے گئے ہیں۔

عدالتِ عالیہ میں آج اہم نوعیت کے مقدمات کی سماعت ججز کے چیمبر میں ہو گی۔

گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف سٹی کورٹ اور دیگر ماتحت عدالتوں میں بھی عدالتی امور معطل کر دیئے گئے ہیں۔


واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے گستاخانہ خاکوں کا معاملہ عالمی فورم پر اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر حکومت کی جانب سے اس بات پر بھی غور کیا جا رہا ہے کہ فرانس سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا جائے۔

گزشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ہو نے والے کابینہ کے اجلاس میں و فاقی کابینہ نےگستاخانہ خاکوں اور فرانسیسی صدر کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے معاملہ عالمی فورمز پر اُٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور ان سے مسلمانوں کے جذبات کو پہنچنے والی ٹھیس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی مسلمان کے لیے یہ گستاخی ناقابلِ برداشت ہے۔

اس حوالے سے او آئی سی کے پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے دنیا تک پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کے تحفظات پہنچائے جائیں گے۔



کابینہ کے اجلاس میں وزیر مذہبی امور نے ہفتۂ عشق رسول ﷺ منانے کی تجویز دی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے حضور ﷺ کی شانِ اقدس میں گستاخی اور خاکوں کے تناظر میں ملک بھر میں ہفتۂ عشقِ رسول ﷺ منانے کا فیصلہ کیا اور ہفتۂ عشق رسول ﷺکا حتمی پلان تیار کرنے کی ہدایت کی جس کے تحت ہفتۂ عشقِ رسول ﷺ 12 تا 19 ربیع الاوّل تک جاری رہے گا۔

صوبے بھی وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق ہفتۂ عشقِ رسولﷺ منائیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان تمام مسلم ممالک کے سربراہان کو الگ الگ خطوط لکھیں گے اور خط میں مسلم ممالک کو گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر اتحاد اور یکجہتی کی درخواست کی جائے گی۔

تازہ ترین