وزیراعظم عمران خان نےکہا ہے کہ چھوٹے چھوٹے مافیاز ملک میں تبدیلی نہیں آنے دے رہے ہیں، کرپٹ سسٹم سے مافیاز نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
لاہور میں انصاف ڈاکٹرز فورم کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ 30 سال باریاں لینے والے آج اکٹھے ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیب کترے اسٹیج پر کھڑے ہوکر کہتے ہیں ملک تباہ ہوگیا، انہیں جو مرضی کرنا ہے کرلیں بلیک میل نہیں ہوں گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ لوگ پوچھتے ہیں کہاں گیا نیا پاکستان؟ یہ ملک کے لیے فیصلہ کن وقت ہے، پہلی بار یہاں میرٹ پر احتساب ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مل کر جدوجہد کریں گے تو تبدیلی آئے گی اور نیا پاکستان بنے گا، خراب ادارے ٹھیک کرنے سے آسان کام نیا ادارہ کھڑا کرنا ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ جس نظام میں سزا و جزا ختم ہوجائے وہ سسٹم نیچے چلا جاتا ہے، صحت اور تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جون کے وسط میں اسپتالوں پر دباؤ تھا، ڈاکٹروں اور نرسز نے مشکل وقت کا سامنا کیا، اب پھر خوف ہے کہ ملک میں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، آئندہ 2 ماہ احتیاط سے گزارنا ہوں گے ۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے سرکاری اسپتالوں اور اسکولوں کا معیار گرا، جس کی وجہ نیشنلائزیشن ہے، تمام سرکاری اسپتالوں میں ہم اصلاحات لائیں گے، اصلاحات آہستہ آہستہ آئیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں اصلاحات کی ضرورت ہے، چاہتا ہوں اسپتالوں میں میرٹ پر سلیکشن ہو۔