• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم ٹرافی، کپتان اظہر کے بولڈ فیصلے سے سینٹرل پنجاب ہی بولڈ، سندھ کے ہاتھوں شکست

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی میں اظہر علی کے بولڈ فیصلے نے ان کی اپنی ہی ٹیم کو بولڈ کردیا۔ کپتان کےدلیرانہ ڈکلیریشن کے بعد دفاعی چیمپئن سینٹرل پنجا ب کو سند ھ کے ہاتھوں حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سرفراز احمد کی قیادت میں سندھ نے نئے فارمیٹ میں پہلی فتح حاصل کی۔ گذشتہ سال سندھ کی ٹیم کوئی میچ نہیں جیت سکی تھی۔ نیشنل اسٹیڈیم میں سندھ نے سنٹرل پنجاب کو6 وکٹوں سے ہرادیا۔ بدھ کو سنٹرل پنجاب نے میچ کے آخری روز سندھ کو جیت کے لیے پچاس اوورز میں 212 رنز کا ہدف دیا۔ جو سندھ نے4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سعود شکیل نے 61 رنز بنائے، اسد شفیق 45 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔اس سے قبل 32 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے عثمان صلاح الدین اور محمد سعد کی 136 رنز کی شراکت کی بدولت اپنی دوسری اننگز میں 243 رنز بنائے۔ عثمان صلاح الدین 75 اور محمد سعد نے 59 رنز بنائے۔ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 186 رنز سے ہرادیا۔ 413 رنز کے تعاقب میں کے پی کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 226 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان یاسر شاہ اور کاشف بھٹی نے دوسری اننگز میں 4، 4 وکٹیں حاصل کیں۔ یاسر شاہ نے میچ میں مجموعی طور پر 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ کے پی کے عادل امین 67 اور کامران غلام 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اس سے قبل بسم اللہ خان کی سنچری اور کاشف بھٹی کے 98 رنز کی مدد سے بلوچستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 362 رنز بنائے تھے۔ کے پی کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ خرم شہزاد نے 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ جواب میں 195 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم نے میچ کے تیسرے روز 8 وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز پر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کرکے کے پی کو جیت کے لیے 413 رنز کا ہدف دیا تھا۔

تازہ ترین