لاہور( نمائندہ جنگ،ین این آئی )لاہور ہائیکورٹ نے کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے کہ سلوگن کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران اسلامی نظریاتی کونسل کی تجاویز کابینہ کے اجلاس میں پیش نہ کر نے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری مذہبی امور اور وفاقی سیکرٹری اطلاعات کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا ۔چیف جسٹس نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اداروں کے افسران کو کہیں نوکریاں چھوڑ دیں یا پھر کام کریں ۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے کہ سلوگن کو استعمال کر نے سے روک دیا تھا،اسلامی نظریاتی کونسل نے حکومت کو نیا سلوگن جاری کرنے کے لیے معاملہ کابینہ کو بھجوایا تھا ،کونسل کی تجاویز کو کابینہ کے سامنے کیوں نہیں رکھا گیا ؟چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس محمد قاسم خان نے درخواست پرسماعت کی ۔دوران سماعت وفاقی حکومت کے وکیل اسد باجوہ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ کابینہ کو معاملہ بھجوانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں ۔