مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے 47 ویں سالگرہ پر نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں اور مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ادا کردیا۔
سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز نے لکھا کہ ’سالگرہ کے موقع پر میرے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں اور دعاؤں کرنے والوں کو بے حد شکریہ۔‘
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’آپ سب کا پیار میرا قیمتی اثاثہ ہے، اللہ آپ سب کا حامی و ناصر ہو۔‘
خیال رہے کہ مریم نواز نے گزشتہ روز اپنی 47ویں سالگرہ منائی، انہوں نے پشاور دھماکے کے باعث تمام بڑی تقاریب کو منسوخ کردیا تھا۔
لیگی رہنما حنا پرویز بٹ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والے افسوسناک واقعے کے باعث مریم نواز کی سالگرہ کی تمام تقریبات منسوخ کردی گئیں ہیں۔
مریم نواز 28اکتوبر 1973 میں پیدا ہوئیں، 2013 میں اپنے والد میاں نواز شریف اور بعد ازاں ضمنی انتخابات میں اپنی والدہ بیگم کلثوم نواز مرحومہ کی انتخابی مہم بھی چلائی۔
مریم نواز 25 جولائی کو ہونے والے الیکشن میں 127 اور پی پی 173 سے مسلم لیگ نون کی جانب سے امیدوار تھیں تاہم عدالت سے نااہل ہونے کے بعد وہ الیکشن نہیں لڑسکیں۔
مریم نواز 1992 میں کیپٹن (ر) صفدر سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔
ٹوئٹر پر لیگی کارکنان اپنی لیڈر کو سالگرہ کی مبارکباد دینے میں پیش پیش رہے اور اسی مناسبت سے ایک ٹرینڈ بھی ’#HBDMaryamNawaz‘ پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل پر سرفہرست ٹرینڈز میں شامل رہا۔