• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گستاخانہ خاکوں پر امتِ مسلمہ میں رنج و صدمہ ہے، شاہ محمود

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج معاشرے کو تقسیم کرنے کی گنجائش نہیں، مسلم ممالک کے سربراہان کو شانِ رسالتﷺ سمجھانے کی کوشش کی ہے۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ فرانس میں شائع کیے گئے گستاخانہ خاکوں پر امتِ مسلمہ میں رنج اور صدمہ ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے سربراہانِ ممالک کو خط کے ذریعے شان رسالتﷺ سے متعلق سمجھانے کی کوشش کی ہے۔

واضح رہے کہ گستاخانہ خاکوں کے خلاف وزیرِاعظم عمران خان نے مسلم امہ کے سربراہان کو خط لکھا، جس میں  کہا گیا کہ ہمیں حضور نبی کریمﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف اکٹھے ہوکر کھڑا ہونا ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ خط میں سربراہانِ مملکت سے درخواست کی گئی ہے کہ ہمارے جذبات کو سمجھیں، آج معاشرے کو تقسیم کرنے کی گنجائش نہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے یہ بھی بتایا کہ خط میں کہا گیا ہے کہ آزادی اظہار میں بھی ذمہ داری کا مظاہرہ ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی تشہیر اور پھر اس کے بعد فرانسیسی وزیراعظم ایمانوئل میکروں کی جانب سے اسلام مخالف بیان پر مسلم امہ میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

فرانس کے خلاف مسلم دنیا میں مظاہرے جاری ہیں جبکہ ریاستی سطح پر احتجاج ریکارڈ کروانے اور بیانات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

تازہ ترین