• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس، چرچ میں خاتون کا سر قلم، دو افراد قتل، تیونس کا شہری گرفتار

پیرس (اےایف پی ) فرانس کے شہر نیس میں چرچ کے اندر خاتون کا سر قلم، چاقو حملے میں مزید 2 افراد قتل جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہو گئے، حملہ آور تیونس کے شہری کو گرفتار کرلیاگیا، پاکستان ، ترکی، سعودی عرب سمیت کئی ممالک نے حملے کی مذمت کی، ادھر جدہ میں بھی فرانسیسی قونصل خانے کے گارڈ پر حملہ کیاگیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے فرانس کے شہر نیس کے میئر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں بتایا کہ چرچ کے اندراور باہر چاقو سے حملہ کیا گیاجس میں ایک خاتون کا سر قلم جبکہ 2دیگر افراد قتل کردیے گئے اور متعدد زخمی ہوئے، پولیس نے حملہ آور کو فائرنگ کرکے زخمی کیا جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا ہے، حملہ آور اسپتال میں دوران علاج ’’اللہ اکبر ‘‘ کے نعرے لگاتا رہا۔

پولیس نےحملے کو دہشتگردی قرار دیدیا جبکہ فرانسیسی حکام نے ملک میں دہشتگردی کا الرٹ لیول بڑھا دیا ہے اور گرجا گھروں کی نگرانی کیلئے 3سے7ہزار فوجی دستے تعینات کرنے کااعلان کیاہے، اس واقعے کےعلاوہ فرانسیسی حکام نے ایک افغان شہری کو چاقو کیساتھ گرفتار کرلیا ہے ، مذکورہ20 سالہ افغان نوجوان ایک ٹرام میں چڑھنے والا تھا۔

فرانس کی کونسل آف مسلم ورشپ کے ڈی جی عبداللہ زکری نے کہا ہے کہ وہ معصوم لوگوں کو قتل کرنے کے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔  دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ نیس میں چاقو سے حملہ کرنے والے شخص کی شناخت21سالہ براہیم کے نام سے ہوئی جو تیونس کا شہری ہے اور کچھ ہفتے قبل ہی یورپ پہنچا تھا۔

ادھر فرانسیسی صدر میکرون نےکہا ہےکہ فرانس نیس میں ہونیوالے دہشتگرد حملے کے آگے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے، میکرون نے حملے کی شدید مذمت کی اور تمام مذاہب کے لوگوں سے متحد ہونے اور تقسیم سے بچنے کی اپیل کی۔ پاکستان ،سعودی عرب اور ترکی سمیت عالمی رہنما ئوں کی جانب سےچرچ حملے کی مذمت کی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان حملے کی شدید مذمت کرتا ہے،ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ حملہ فرانس کے شہر نیس کے ایک گرجا گھر میں کیا گیا، ہم قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج و غم اور اظہار افسوس کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کرتے ہیں، عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا اور ایسے پر تشدد واقعات کا کوئی جواز نہیں ہو سکتا۔سعودی وزارت خارجہ نے نیس میں ہونیوالے چاقو حملے کی شدید مذمت کی اور حملے کو دہشتگردی قرار دیاہے۔

ترک وزارت خارجہ نے کہاہےکہ نیس میں چرچ کے اندر ہونیوالے حملے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں، ترکی نے فرانس کیساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا اور ہلاک ہونےوالے 3 افراد کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔

یورپی رہنمائوں نے بھی فرانس کیساتھ اظہار یکجہتی کیا اور ان لوگوں سے نمٹنے کا عہدکیاہے جو نفرت پیدا اور پھیلانا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین