کراچی (ٹی وی رپورٹ)سربراہ مسلم لیگ (ضیاء) اعجاز الحق نے کہا ہے کہ ایازصادق نے ابھینندن والی بات حکومت کو نیچا دکھانے کیلئے کی ،رہنما جے یوآئی ف حافظ حسین احمد نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دو بیانیے ہیں،ایک مسلم لیگ ن لندن کا ہے جبکہ دوسرا مسلم لیگ ن پاکستان کا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔رہنما جے یو آئی ف حافظ حسین احمد نے کہا کہ اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت کے طور پر ن لیگ کو ہی اے پی ڈی ایم کی قیادت کرنی چاہئے تھی لیکن شہباز شریف صاحب نے بڑی چالاکی اور ہوشیاری کے ساتھ رضاکارانہ طور پر نیب کو گرفتاری دے دی۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے سیاست میں ان کے خاندان کو بہت قریب سے دیکھا ہے ،یہی وجہ ہے کہ وہ یہ بات کہہ رہے ہیں،شہباز شریف نے اپنی درخواست ضمانت بھی عدالت سے واپس لے کر ایک تیر سے تین شکار کیے،ایک تو قیادت سے جان چھڑالی جو ان کی جان پر بن سکتی تھی جیسا کہ ہمارے گلے پڑی ہے کیونکہ اس بیانیہ کو سنبھالنا آسان نہیں۔