پشاور (لیڈی رپورٹر)بلدیاتی ملازمین نے مبینہ غیر قانونی تبادلوں کیخلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن (رجسٹرڈ) کے مرکزی و صوبائی صدر اور یونائیٹڈ میونسپل ورکرز یونین سٹی ڈسٹرکٹ اینڈ آل ٹاؤنز پشاور کے چیئرمین ملک محمد نوید اعوان نے کی جبکہ احتجاج میں چاروں ٹائون کے ملازمین نے شرکت کی ۔ مقررین نے کہا کہ سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ کی ایماء پر آر ایم او پشاور ریجن نے انتہائی عجلت میں قانون اور انصاف کو بالائے طاق رکھ کر غیر قانونی طور پر ملازمین کے تبادلے کئے جس میں نہ تو ملازمین کی پنشن ‘ کمیوٹین اور نہ ہی سینیارٹی و پروموشن کی وضاحت کی گئی بلکہ انہوں نے ملازمین کا مستقبل تاریک کردیا جس پر میونسپل ملازمین سراپا احتجاج ہیں اور اپنے مستقبل سے مایوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونائیٹڈ یونین کی قیادت اپنے ملازمین کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیاتی ملازمین کے غیر قانونی تبادلوں کو منسوخ کیا جائے ۔ واضح رہے کہ بلدیاتی ملازمین پچھلے تین روز سے دفاتر میں علامتی ہڑتال پر ہیں۔