• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضرت محمد ﷺ کے یوم ولادت پر شبلی فراز کی مبارکباد

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے حضرت محمد ﷺ کے یومِ ولادت کے موقع پر اُمت مسلمہ کو مبارک باد دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ’نبی آخرالزمان کے یوم ولادت کے مبارک موقع پر اہل وطن اورتمام مسلمانان عالم کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تمام کائنات کے لیے رحمت اللعالمین بن کر تشریف لائے، آپ نے بھٹکی ہوئی انسانیت کو امن و آشتی اور رواداری کے درس سے روشناس کرایا۔‘

وفاقی وزیر اطلاعات نے لکھا کہ ’معاشرتی مسائل کا حل محسن انسانیت کے اخلاق حسنہ کی پیروی میں ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’‏وزیراعظم عمران خان پاکستان کوریاست مدینہ کے تصور پر فلاحی مملکت بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔ ایسی ریاست جہاں انصاف کا بول بالا ہو اور مساوات کی حقیقی روشنی سب کو میسر آئے۔‘

واضح رہے کہ سرورِ کون و مکاں رحمت اللعالمین ﷺ کی آمد کا جشن آج منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں مساجد، سرکاری عمارتوں، گلیوں اور محلوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔

کراچی، لاہور، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عیدِمیلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں جلوس برآمد کیئے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین