• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترکی: گیمر کی لائیو اسٹریمنگ کے دوران زلزلہ، ویڈیو وائرل


ترکی میں لائیو اسٹریمنگ کے دوران زلزلہ آنے پر گیمر نے اپنی جان بچانے کے لیے سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر محفوظ مقام کی طرف دوڑ لگادی۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ویڈیو گیمز کے لیے لائیو اسٹریمنگ کرنے والا لڑکا جمعے کے روز ترکی میں آنے والے زلزلے کے دوران اپنی جان بچانے کے لیے فوراً بھاگتا ہوا نظر آرہا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گیمر اپنی لائیو اسٹریمنگ جیسے ہی شروع کرتا ہے تو اسی وقت شدید زلزلہ آجاتا ہے۔

واضح رہے کہ ترکی کے شہر ازمیر اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے سے کم از کم 12 افراد جاں بحق اور 400 سے زائد زخمی ہوگئے۔

زلزلے کے مرکز ازمیر کے قریب بحیرہ ایجیئن میں 16.5 کلومیٹر گہرائی میں تھا، زلزلے کے بعد مختلف علاقوں میں سمندر کا پانی داخل ہوگیا۔

ترک حکام کے مطابق مغربی ترکی کے شہر ازمیر کے علاقے سفری حصار میں 6 اعشاریہ 6 کی شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.0 ریکارڈ کی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عمارتوں کے ملبے سے 70 افراد کونکال لیا گیا ہے۔

ترکی کے ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی منیجمنٹ کے ہیڈ آفس کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق ازمیر کے علاقے سفری حصار سے 17 کلومیٹر دور بحیرہ ایجیئن میں ترکی کی مقامی وقت کے مطابق دو بجکر 51 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کی گئے۔ زلزلہ زیر زمین 16.54 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔

تازہ ترین