• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی امپائر علیم ڈار کل ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرلیں گے

پاکستانی امپائر علیم ڈار کل پاکستان اور زمبابوے کے خلاف سیریز کے دوسرے میچ کے دوران ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیں گے۔

علیم ڈار اتوار کو پاکستان اور زمبابوے کے خلاف سیریز کے دوسرے میچ میں دنیا میں سب سے زیادہ ایک روزہ میچز سپروائز کرنے والے امپائر بن جائیں گے۔

52 سالہ علیم ڈار 20 برس سے امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں، وہ 3 مرتبہ آئی سی سی کے بہترین امپائر بھی قرار دیے گئے۔


ٹیسٹ کے بعد اب وہ ایک روزہ کرکٹ میں بھی سب سے زیادہ میچز سپروائز کرنے کے ریکارڈ کے قریب ہیں۔

علیم ڈار نے 2000 میں اپنے شہر گوجرانوالہ میں پہلا ون ڈے میچ سُپروائز کیا تھا، اب تک وہ اس فارمیٹ میں 209 میچز میں امپائرنگ کرچکے ہیں۔

جنوبی افریقا کے امپائر روڈی کرٹزن نے 1992 سے 2010 کے درمیان 209 ون ڈے میچز سُپر وائز کیے تھے۔

اس ریکارڈ کو حاصل کرنے کے بارے میں اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے علیم ڈار نے کہا کہ ٹیسٹ اور ون ڈے میں امپائرنگ کی لسٹ میں ٹاپ پر آنا اُن کے لیے بڑا اعزاز ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب اُنہوں نے انٹرنیشنل امپائرنگ شروع کی تھی تو کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ یہ اعزاز بھی حاصل پائیں گے۔

علیم ڈار نے کہا کہ وہ امپائرنگ کے ہر لمحے سے لطف اندوز ہوئے ہیں، اس اعزاز پر وہ اپنی فیملی، آئی سی سی، پاکستان کرکٹ بورڈ اور دیگر افراد کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اُن کو سپورٹ کیا۔

تازہ ترین