• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد زمبابوے کو 26 رنز سے ہرا دیا

پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد پہلے ایک روزہ میچ میں مہمان زمبابوے کو 26 رنز سے شکست دے دی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کے لیے 282 رنز کا ہدف سیٹ کیا۔

زمبابوے کے بیٹسمین برینڈن ٹیلر کی سنچری نے میچ کو دلچسپ بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا، جو شکست کے باعث رائیگاں چلی گئی۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ابتدائی دو وکٹیں شاہین شاہ آفریدی نے 28 کے اسکور پر اڑادیں۔


تیسری وکٹ پر کریگ ایرون اور برینڈ ٹیلر نے اسکور میں 71 قیمتی رنز کا اضافہ کیا، 99 کے مجموعے پر اس شراکت کو عماد وسیم نے حارث رؤف کی مدد سے توڑدیا۔

نئے بیٹسمین شان ولیمز 4 رنز ہی بناسکے، ان کی وکٹ وہاب ریاض کے حصے میں آئی، یوں 115 کے اسکور پر زمبابوے کے 4 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

5ویں وکٹ پر برینڈن ٹیلر نے ویزلے میڈھویرے کے ساتھ مل کر ٹیم کو بحران سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی۔

دونوں کھلاڑیوں نے وکٹ کے چاروں طرف کئی خوبصورت اسٹروک کھیلے اور 119رنز کی شراکت قائم کی، ویزلے 55 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

سنچری میکر برینڈن ٹیلر کی ہمت 240 کے مجموعے پر جواب دے گئی، شاہین شاہ آفریدی نےانہیں میدان بدر کیا، 112 رنز کی اننگز کے دوران زمبابویں بیٹسمین نے 11 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔

پاکستانی بولرز نے آخری 4 وکٹیں صرف 15 رنز کے عوض اپنے نام کرلیں، یوں گرین شرٹس نے میچ 26 رنز سے اپنے نام کرلیا۔

شاہین شاہ آفریدی نے میچ میں 5 اور وہاب ریاض نے 4 وکٹ حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ عماد وسیم کے حصے میں آئی۔

قبل ازیں پاکستان نے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں زمبابوے کو جیت کے لیے 282 رنز کا ہدف دیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں8 وکٹ پر 281 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے اوپنر امام الحق نے 58 اور مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل نے 71 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، عماد وسیم 34 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں کپتان بابر اعظم 19، عابد علی21، محمد رضوان 14، افتخار احمد 12، فہیم اشرف اور وہاب ریاض 8، 8 رنز بناکر پویلین لوٹے، شاہین شاہ آفریدی 8 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

زمبابوے کی طرف سے چسورو اور مزربانی نے 2 ، 2 پاکستانی کھلاڑیوں کو میدان بدرکیا اور اننگز کے کامیاب بولر ٹھہرے۔

تازہ ترین