پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ برینڈن ٹیلر کے آؤٹ ہونے سے یقین ہوگیا تھا کہ ہم میچ جیت گئے ہیں۔
راولپنڈی میں زمبابوے کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں 26 رنز سے فتح کے بعد بابر اعظم نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ کراؤڈ کے بغیر مزا نہیں آتا۔
انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی مجھے بہت پسند ہے، میں ہمیشہ اس کی تعریف کرتا ہوں، آج کے میچ میں اُس کی اور وہاب ریاض کی بولنگ بہت بہتر رہی۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ ورلڈ چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ ہمارے لیے بہت معنی رکھتے ہیں، آنے والے میچوں میں مزید مثبت نتائج لانے کی کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب اننگز کی شروعات کی تو پچ مشکل لگ رہی تھی، آخری اوورز میں ہم زیادہ سے زیادہ رنز نہیں کر پائے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے یہ بھی کہا کہ افتخار نے ٹی 20 میں اچھی اننگز کھیلی، اس لیے انہیں موقع دیا گیا، ہم نے غلطیاں ضرور کیں لیکن اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حارث سہیل کی انجری کے حوالے سے کل فیصلہ کریں گے۔