• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگی قیادت کا پارٹی نصب العین سے پیچھے نہ ہٹنے کے عزم کا اظہار


اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) نے کسی بھی قیمت پر پارٹی کے بنیادی نصب العین سے پیچھے نہ ہٹنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

جاتی امراء میں ن لیگ کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا، جس میں مریم نواز، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق اسپیکر سردار ایاز صادق سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس میں موجودہ صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے کامیاب اجلاسوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق ن لیگی قیادت نے بیروزگاری، معیشت اور خارجہ پالیسی کی ناکامیوں پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔


اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں، بھارتی میڈیا کے زیرِ اثر غداری کے اوچھے بیانیے کا پرچار شکست خوردگی کی علامت ہے۔

ن لیگی قیادت نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف منفی مہم چلانے کی مذمت کی اور کہا کہ یہ ہتھکنڈے عوام کی توجہ مہنگائی اور حکومتی کرپشن کو چھپانےکی ناکام کوشش ہیں۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خیبرپختونخوا میں اپوزیشن اتحاد کے جلسوں کے لیے ن لیگی کارکنوں کو فعال کیا جائے۔

اس موقع پر کہا گیا کہ اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ن لیگ، پی ڈی ایم اور پارٹی پلیٹ فارم سے ووٹ چوری کے خلاف اور عوام کے آئینی، جمہوری اور معاشی حقوق کے لیے کردار ادا کر رہی ہے۔

اجلاس میں طے پایا کہ مسلم لیگ ن مستقبل میں اس سے بھی زیادہ قوت سے اپنا کردار ادا کرے گی، پارٹی کسی بھی قیمت پر اپنے بنیادی نصب العین سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

اعلامیے میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جیل میں قانونی سہولیات نہ دینے کے لیے آئی جی جیل خانہ جات کو وزیراعظم عمران خان کی دھمکی قابل مذمت ہے۔

ن لیگی قیادت نے کہا کہ فسطائیت اور سیاسی انتقام میں پاگل سلیکٹڈ وزیراعظم کی اوچھی اور خلاف قانون حرکتیں ان کا ڈولتا اقتدار نہیں بچاسکتیں۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی جمہوریت، پارٹی نظریے کے لیے قربانیوں اور سیاسی انتقام کا مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ن لیگی قیادت نے اعلامیے میں پارٹی کارکنان کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ وہ قائد نواز شریف کی قیادت میں عزم و جرات کے ساتھ میدان میں ڈٹے ہوئے ہیں۔

تازہ ترین