کراچی (نیوزڈیسک) بھارت، ڈرامہ سیریل کرائم پٹرول سے متاثر بیٹے نے باپ کو قتل کرکے ثبوت مٹادیئے۔ پولیس نے موبائل تحویل میں لیا تو معلوم ہوا وہ معروف سیریل سو سے زائد بار دیکھ چکا تھا۔
تفصیلات کے مطابق، بھارتی ریاست اُتر پردیش کے شہر متھرا میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔ حکام کے مطابق منوج مشرا نامی شہری کے لاپتا ہونے کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ اس کا اپنا بیٹا ہی اس کا قاتل ہے جس نے اعتراف کیا کہ ڈانٹ ڈپٹ سے تنگ آکر اس نے اپنے باپ کو جان سے مارنے کا منصوبہ بنایا۔
گرفتاری کے بعد جب 17 سالہ نوجوان کا موبائل تحویل میں لیا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ جرائم کے بارے میں بھارت کی معروف سیریز کرائم پٹرول سو بار سے زیادہ مرتبہ دیکھ چکا تھا اور اسی کی مدد سے اس نے اپنے باپ کے قتل کا منصوبہ تیار کیا اور جرم کے نشان مٹانے کی کوشش کی۔
2 مئی کو منوج نے اپنے بیٹے کو کسی بات پر ڈانٹا اور مارا۔ رات کو ناخلف بیٹے نے باپ کے سر پر لوہے کی سلاخ سے وار کیا اور جب وہ بے ہوش ہوکر گرگیا تو اسےکپڑے سے باندھ دیا۔ پھر اسی رات اپنی ماں کی مدد سے باپ کے اسکوٹر پر اس کی لاش ڈال کر پانچ کلو میٹر دور پہنچایا۔ اس کے بعد لاش پر پیٹرول چھڑک کر اسے آگ لگا دی۔
3 مئی کو پولیس کو جھلسی ہوئی لاش کی باقیات ملیں جب کہ اس وقت تک تھانے میں کسی کے لاپتا ہونے کی شکایت بھی درج نہیں کروائی گئی تھی۔ تاہم دوسری جانب منوج کے دفتر والے بارہا اس کے اہل خانہ سے اس کے بارے میں معلوم کرچکے تھے اور ان ہی کے دباؤ میں آکر منوج کے گھر والوں کو تھانے میں رپورٹ کروانا پڑی۔
ایس پی متھرا کے مطابق پولیس نے رپورٹ درج ہونے سے قبل ملنے والی لاوارث لاش دکھائی تو منوج کے ساتھ کام کرنے والوں نے اس کے چشمے کی مدد سے اُسے شناخت کرلیا۔
اس کے بعد تحقیقات شروع ہوئیں تاہم جب بھی منوج کے بیٹے کو تحقیقات کے لیے فون کیا جاتا تو وہ تھانے آنے سے ہچکچاتا تھا اور بار بار پولیس والوں سے پوچھتا تھا کہ وہ کس دفعہ کے تحت اس سے پوچھ گچھ کررہے ہیں۔
جب پولیس کے تحقیق کاروں نے اس کے موبائل فون کا معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ وہ ’کرائم پیٹرول‘ کی اقساط سو بار دیکھ چکا ہے۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے اعترافِ جرم کرلیا۔ پولیس نے 17 سالہ ملزم، اس کی 39 سالہ ماں کو گرفتار کرلیا اور 11 سالہ بہن کو دادا دادی کے حوالے کردیا۔