کراچی(پی پی آ ئی)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مذہب کی مبینہ جبری تبدیلی پر سندھ حکومت نظرثانی کے لئے عدالت جائے گی،ہم نے (جبری شادیوں) کے حوالے سے قانون پاس کرایا ہے اور اس کے عملدرآمد کے لیے ہم کوشاں رہیں گے۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کراچی کی مسیحی لڑکی کے مبینہ مذہب تبدیلی کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔خیال رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے مقدمے کے دوسرے فریق کی طرف سے درخواست پر 27 اکتوبر کو اپنے عارضی فیصلے میں پولیس کو کارروائی سے روکتے ہوئے مسیحی بچی کے تحفظ کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔ تاہم اس مقدمے میں عدالت میں مسیحی لڑکی کے والدین کے وکیل پیش نہیں ہوئے۔ہائی کورٹ کے حکم کے بعد چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اس حکم پر نظرثانی کے لیے عدالت کا رخ کرے گی۔