• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ سے علیحدگی کی واحد وجہ فوج مخالف بیانیہ ہے، عبدالقادر بلوچ


اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کی بلوچستان کی قیادت اپنی جماعت کے بیانیے سے ناراض ہوگئی۔

ن لیگ بلوچستان کے صدر اور سابق وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے پارٹی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

کراچی میں جیو نیوز سے گفتگو میں عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے افواج پاکستان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی گئی۔


انہوں نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان کو ادارے کے طور پر نشانہ بنانا قبول نہیں ہے، مسلم لیگ ن سے علیحدگی کی واحد وجہ فوج کے خلاف بیانیہ ہے۔

عبدالقادر بلوچ نے یہ بھی کہا کہ ‎میں خود فوجی رہا ہوں، یہ سب ناقابلِ برداشت ہے، ‎مستقبل کی سیاست کا فی الوقت کوئی فیصلہ نہیں کیا، اتنے وسائل نہیں کہ مسلم لیگ کا کوئی اور دھڑا بناؤں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‎ہوسکتا ہے کہ کسی جماعت میں شمولیت اختیار کروں یا پھر سیاست سے ہی کنارہ کشی کرلوں۔

سابق گورنر بلوچستان نے یہ بھی کہا کہ ‎سابق وزیراعلیٰ ثناءاللّٰہ زہری کو کوئٹہ میں پی ڈی ایم جلسے کے دوران اسٹیج پر نہ بلانے پر بات ہوسکتی تھی۔

تازہ ترین