• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن وزیراعظم کے غیرقانونی عمل کا نوٹس کیوں نہیں لیتا، پیپلزپارٹی

کراچی، اسلام آباد(نیوزایجنسیاں) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اورپیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن نے وزیراعظم کے دورہ گلگت بلتستان پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن وزیراعظم عمران خان کے غیر قانونی عمل کا نوٹس کیوں نہیں لیتا؟شیریں رحمٰن نے کہا کہ وزراء انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ بلاول ہائوس سے آصف زرداری کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ عمران خان گلگت بلتستان میں سیاسی تقریر کر کے انتخابی قواعد کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن انکے غیرقانونی عمل کا نوٹس کیوں نہیں لیتا؟آصف زرداری نے کہا کہ وفاقی وزراء کا بھی گلگت بلتستان میں انتخابی مہم چلانا غیر قانونی ہے۔ انتخابی مہم کے دوران وزیراعظم عمران خان کا گلگت بلتستان جانا قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے۔ الیکشن کمیشن وزیراعظم کے خلاف کارروائی کرے۔ ایک بیان میں سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ وزراء عوامی اجتماعات کے دوران ترقیاتی منصوبوں کے قیام کا بھی اعلان کررہے ہیں، وزراء کے بعد وزیر اعظم خود الیکشن مہم چلانے گلگت بلتستان آئے ہیں،الیکشن کمیشن وزیراعظم اور وزراء کے دورے کا نوٹس لے۔

تازہ ترین