مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو بکتر بند گاڑی میں عدالت لانا انہیں اذیت دینا ہے، سب جانتے ہیں شہباز شریف کو کمر کی تکلیف ہے اور اس کے باوجود بھی شہباز شریف کو فرش پر لٹایا گیا اُنہیں نماز کے لیے کرسی تک نہیں دی گئی۔
لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو ملک سے رخصت کرکے ہی ہماری جہدوجہد ختم ہوگی، ہم حکومت کی انتقامی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ اُنہوں نے کہا کہ نیازی صاحب نے کل گلگلت بلتستان میں جس طرح زہر گھولا ہے قابل مذمت ہے۔
اپنے بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے کل سکیورٹی کے دو عہدوں کو خود متنازع بنایا ہے، اتنی غیر ذمہ دارانہ گفتگو کسی وزیراعظم کو زیب نہیں دیتی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ یہ خود کو حاجی کہہ رہے ہیں جبکہ انہوں نے مارکیٹ کریش کردی، منافق وزیراعظم وہ ہوتا ہے جو آٹا چینی سستا کرنے کی باتیں کرکے اُن کی قیمت تین گنا بڑھا دے۔
احسن اقبال نے کہا کہ منافق وزیر اعظم وہ ہوتا ہے جو ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرے اور دو کروڑ چھین لے، منافق وزیر اعظم وہ ہوتا ہے جو 50 لاکھ گھر دینے کی بات کرے لیکن لوگوں سے چھت بھی چھین لے۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا کرپٹ لیڈر عمران خان ہے کیونکہ وہ خود ہی کہتے تھے جب مہنگائی ہو تو وزیراعظم چور ہوتا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن کی آواز دبانے کے لیے ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں لیکن ظلم اور جبر کا نظام جلد ختم ہوگا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اس حکومت کی مثال زندہ لاش جیسی ہے جسے اب قبر کی ضرورت ہے۔