• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رُخ خان کا گینگسٹر ’ابو سلیم ‘ کو کرارا جواب

بھارتی فلم انڈسٹری کے کنگ شاہ رُخ خان آج اپنی 55 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

شاہ رُخ خان کو بھارتی فلم انڈسٹری میں ایک اعلیٰ مقام حاصل ہے جو کہ انہوں نے انتھک محنت اور اپنی بے پناہ صلاحیتوں کے بل بوتے پر حاصل کیا ہے، اداکاری کے شوق کے ہاتھوں مجبور شاہ رُخ خان نے فلم انڈسٹری میں چھوٹے کرداروں سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں بطور رومانٹک ہیرو، منفرد شہرت حاصل کی۔

بھارتی مصنفہ انو پمہ کو دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران شاہ رُخ خان نے اپنے کیریئر کے آغاز میں پیش آنے والی مشکلات سے متعلق بات کی۔

اس دوران انہوں نے کیریئر کے آغاز میں موصول ہونے والی دھمکی آمیز کالز سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ اُنہیں اُس وقت کے ایک گینگسٹر نے کال کر کے اپنے من پسند پروڈیوسر دوست کی فلم میں کام کرنے کو کہا تھا۔

شاہ رُخ خان نے بتایا کہ ’اُنہیں انڈر ورلڈ کے ڈان ابو سلیم اور سلیم چھوٹا کی کالز آتی تھیں، دھمکی آمیز کالز میں اُنہیں گیگسٹر کی پسند کی فلموں میں کام کرنے کو کہا جاتا تھا۔‘

شاہ رُخ خان نے کہا کہ’ایک بار اُن کے پاس گینگسٹر ابو سلیم کی کال آئی جس کا جواب دیتے ہوئے اُنہوں نے ابو سلیم کو کہا کہ جیسے میں آپ کو نہیں بتاتا کہ کسے مارنا ہے کسے نہیں ایسے ہی آپ بھی مجھے نہ بتائیں کہ مجھے کونسی فلم کرنی ہے اور کونسی نہیں۔‘

شاہ رُخ خان کا بتانا ہے کہ ’وہ وقت اُن کی زندگی کا پریشان کُن اور ڈراؤنا ترین وقت تھا۔‘

شاہ رُخ خان کی زندگی پر لکھی گئی کتاب ’ دی کنگ آف بالی ووڈ‘ میں مصنفہ انو پمہ چوپڑا لکھتی ہیں کہ ’یش چوپڑا کی فلم دل تو پاگل ہے کی شوٹنگ کے دوران شاہ رُخ خان کو دھمکی آمیز کالز موصول ہوئی تھیں جس پر شاہ رُخ خان کی جانب سے گیگسٹر کے من پسند پروڈیوسر کی فلم میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔‘

انو پمہ اپنی کتاب میں لکھتی ہیں کہ اس انکار پر شاہ رُخ خان کو مزید دھمکی آمیز کالز موصول ہوئی تھیں جس پر ممبئی پولیس کی جانب سے شاہ رُخ خان کو سیکیورٹی بھی فراہم کی گئی تھی۔‘

تازہ ترین