لاہور کی احتساب عدالت میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر پولیس نے میڈیا ورکرز اور لیگی کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنادیا، ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب میڈیا کے کارکنوں کو پولیس سے بچاتی رہیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر پولیس اہلکاروں نے جیو نیوز کے کیمرہ مین محمد ریحان کا گلا دبایا، تشدد سے نجی ٹی وی کے رپورٹر عمر اسلم کے پاؤں پر گہری چوٹ آئی۔
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی دہشت گردی نیب عدالت میں نظر آئی، میڈیا ورکرز کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی کوریج کی سزا دی جا رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ میڈیا نے عمران خان کو میڈیا ڈارلنگ بنایا تھا، آج میڈیا کا گلا گھونٹا جا رہا ہے۔