پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر اور سدرن پنجاب کے اسکواڈ کے اہم کھلاڑی بلاول بھٹی کو ڈاکٹرز نے چند روز کے لیے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک بیان جاری کیا، جس میں بتایا گیا کہ سدرن پنجاب کی اننگز کے دوران بلاول بھٹی بیٹنگ کے دوران سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد انھیں پویلین میں واپس بھیج دیا گیا تھا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری اس میچ کی اننگز کے دوران ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے بعد بلاول نے آخری کھلاڑی کے طور پر دوبارہ بیٹنگ کی جہاں وہ فوراً ہی آؤٹ ہوگئے۔
سدرن پنجاب کی اننگز کے اختتام کے بعد انھیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا سی ٹی اسکین کیا گیا، جس کی رپورٹ کلیئر آنے کے بعد انھیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔
تاہم انھیں ڈاکٹرز کی جانب سے کچھ روز مزید آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔