صوبائی وزیر پنجاب فیاض الحسن چوہان نے وزیر جیل خانہ جات کا اضافی چارج سنبھالتے ہی شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی جیل سہولیات کی تفصیلات طلب کرلیں۔
گزشتہ روز وزیر اطلاعات پنجاب کے عہدے سے ہٹائے گئے فیاض الحسن چوہان کو آج وزیر جیل خانہ جات کا اضافی چارج بھی دیا گیا۔
فیاض الحسن چوہان نے عہدہ سنبھالتے ہی اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو جیل میں دستیاب سہولات سے متعلق تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں سے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ میری اولین ترجیح ہے۔
صوبائی وزیر جیل خانہ جات نے مزید کہا کہ تمام قیدیوں کو یکساں اور بہترین سہولیات کی فراہمی میرا مشن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی قیدی سے امتیازی سلوک ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب کی جیلوں کو بحالی کے مراکز بنائیں گے۔